ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / بنٹوال میں پولیس چیکنگ کے دوران آٹو سے چاقو برآمدہونے پررکشہ ضبط ۔۔2افراد حراست میں

بنٹوال میں پولیس چیکنگ کے دوران آٹو سے چاقو برآمدہونے پررکشہ ضبط ۔۔2افراد حراست میں

Mon, 10 Jul 2017 13:01:32  SO Admin   S.O. News Service

 

بنٹوال10؍جولائی (ایس او نیوز) پرتشدد واقعات اور کشیدہ حالات کے پیش نظر پولیس کی طرف سے سخت حفاظتی بندوبست کی نیت سے کی جارہی گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران اتوار کی شب کوبنٹوال کے پانے منگلورو علاقے میں ایک آٹو رکشہ کے اندر موجود افراد کے پاس تیز دھار والا چاقو برآمد ہوا ہے۔ 
موصولہ اطلاعات کے مطابق منگلورو اور اڈپی پولیس کے افسران و اہلکار سیکوریٹی انتظامات میں ایک دوسرے کا ہاتھ بٹارہے ہیں۔ اسی سلسلے کی تلاشی مہم کے دوران پانے منگلوروکے پرانے پُل کے پاس یہ واقعہ پیش آیا ہے جس کے بعد پولیس نے آٹو میں موجود دو افراد کو حراست میں لیتے ہوئے رکشہ ضبط کرلیا ہے۔
خیال رہے کہ آر ایس ایس کارکن شرتھ کی موت کے بعد آئی جی پی نے موٹر گاڑیوں پر کڑی نظر رکھنے اور پولیس پر حملے کی کوشش کرنے والوں پر فائرنگ کرنے کے احکامات ایک دن پہلے ہی جاری کیے تھے۔کیونکہ شرتھ کی لاش کا جلوس لے جاتے وقت پولیس کے تمام حفاظتی بندوبست اور دفعہ 144نافذ رہنے کے باوجود بی سی روڈ پر شر پسندوں کی طرف سے پتھراؤ اور گاڑیوں اورعمارتوں کو نقصان پہنچانے کی واردات پیش آئی تھی۔اس کے علاوہ دو الگ الگ مقامات پر دو فرقوں کے ایک ایک نوجوان پر چاقو زنی کی وارداتیں بھی رونما ہوئی تھیں۔
خبر ہے کہ پولیس نے ان وارداتوں میں ملوث شرپسندوں کو گرفتار کرنے کی خصوصی مہم بی سی روڈ، کائکمبا، شانتی انگڈی اور پارلیا کے علاقے میں تیز کردی ہے اورپولیس کی ٹیمیں رات کے وقت ان لوگوں کے گھروں پر دھاوا بول رہی ہیں، جن کی نشاندہی سنگباری کے وقت لی گئی ویڈیو فوٹیج سے ہورہی ہے جو اس وقت پولیس کے پاس موجود ہے۔ 


Share: